اویغور مسلمانوں پرمظالم کے خلاف چین کی تنقید میں اضافہ

دس لاکھ مسلمانوں کی ازسرنو تعلیمی پروگرام کے تحت کی جارہی ہے تربیت،مسلمانوں کو مذہب کو ترک کرنے یا ان کی تنقید کرنے پر کیا جارہا ہے مجبور، انسانی حقوق کی تنظیموں کا الزام

بیجنگ،29ستمبر (ہ س)۔
چین کی جانب سے بعض مسلم اقلیتی فرقوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف تنقید میں اضافہ ہوا ہے۔چین مسلم اقلیتی فرقے سے تعلق رکھنے والوں کی ایک بڑی تعداد کو جنگی قیدیوں کے کیمپ (انٹرنمنٹ کیمپ) میں رکھا گیا ہے۔
اگست میں اقوام متحدہ کی کمیٹی کو معلوم ہوا کہ چین کے مغربی علاقے سنکیانگ میں اویغور مسلمانوں اور دیگر مسلم فرقوں کے دس لاکھ افراد کو حراست میں رکھا گیا ہے اور ان کی ‘ری ایجوکیشن’ یعنی ازِسر نو تعلیمی پروگرام کے تحت ان کی تربیت کی جا رہی ہے۔یہ دعوے انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے کیا ہے لیکن چین ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔ دریں اثناءسنکیانگ میں رہنے والے افراد کے خلاف جابرانہ نگرانی کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔یہاں ہم ان کے بارے میں آپ کو چند بنیادی باتیں بتانے کی کوشش کر رہے ہیں۔یہ نسلی طور پر ترکی النسل مسلمان ہیں اور یہ چین کے مغربی علاقے میں آباد ہیں جہاں ان کی تعداد تقریباً ایک کروڑ دس لاکھ ہے۔ وہ خود کو ثقافتی اور نسلی طور پر وسط ایشیائی علاقوں سے قریب تر دیکھتے ہیں اور ان کی زبان ترک زبان سے بہت حد تک مماثلت رکھتی ہے۔لیکن حالیہ دہائیوں میں سنکیانگ میں ہان (چین کی اکثریتی نسل) چینیوں کی بڑی آبادی وہاں منتقل ہوئی ہے اور اویغوروں کو ان سے خطرہ لاحق ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ اویغور نسل کے لوگوں کو شدید نگرانی کا سامنا ہے اور انھیں اپنے ڈی این اے اور بائیومیٹرکس کے نمونے دینے پڑ رہے ہیں۔ وہاں آباد جن لوگوں کے رشتہ دار انڈونیشیا، قزاقستان اور ترکی جیسے 26 ‘حساس’ ممالک میں ہیں انھیں مبینہ طور پر حراست میں لیا جا رہا ہے اور تقریباً دس لاکھ افراد کو ابھی تک حراست میں لیا جا چکا ہے۔ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ وہاں آباد جس کسی شخص نے ملک سے باہر واٹس ایپ پر اگر کسی سے رابطہ کیا ہے تو اسے بھی حراست میں لیا جا رہا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ انھیں وہاں مینڈارن یا چینی زبان سکھائی جا رہی ہے اور انھیں اپنے مذہب کو ترک کرنے یا ان کی تنقید کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ ان سے صدر شی جن پنگ کے ساتھ وفاداری کی قسمیں بھی کھلائی جا رہی ہیں۔چین کے بعض سابق قیدیوں نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ انھیں کیمپوں میں جسمانی اور نفسیاتی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔انھوں نے بتایا ہے کہ کنبے کے کنبے لاپتہ ہوگئے ہیں اور ہمیں یہ بھی بتایا گیا کہ انھیں جسمانی اور ذہنی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ہم لوگوں نے سنکیانگ میں ایسے شواہد دیکھے جن سے یہ پتہ چلتا ہے کہ وہ صوبہ مکمل نگرانی میں ہے۔ جو چینی قیدی وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوئے انھوں نے بی بی سی نیوز نائٹ کے پروگرام سے بات کرتے ہوئے یہ باتیں کہیں۔
ایک شخص عمر نے بتایا:’وہ ہمیں سونے نہیں دیتے تھے، وہ ہمیں گھنٹوں لٹکائے رکھتے اور پیٹتے رہتے۔ ان کے پاس لکڑی کے موٹے موٹے ڈنڈے اور چمڑے کے سوٹے تھے جبکہ تاروں کو موڑ کر انھوں نے کوڑے بنا رکھے تھے، جسم میں چبھونے کے لیے سوئیاں اور ناخن کھینچنے کے لیے پلاس تھے۔ یہ سب چیزیں میز پر ہمارے سامنے رکھی ہوتیں اور ان کا ہم پر کبھی بھی استعمال کیا جاتا۔ ہم دوسرے لوگوں کی چیخیں بھی سنتے۔’
ایک دوسرے شخص عزت نے بتایا: ‘رات کے کھانے کا وقت تھا۔ تقریباً 1200 افراد ہاتھوں میں پلاسٹ کا خالی کٹورا لیے کھڑ? تھے اور انھیں چین کے حق میں گیت گانا تھا تاکہ انھیں کھانا ملے۔ وہ ربوٹ کی طرح تھے۔ ان کی روحیں مر چکی تھیں۔ ان میں سے بہت سوں کو میں اچھی طرح جانتا تھا۔ ہم ایک ساتھ اٹھتے بیٹھتے، کھاتے پیتے تھے۔ لیکن اب وہ اس طرح کا برتاو کر رہے تھے جیسے کسی کار کریش کے بعد ان کی یادداشت جاتی رہی ہو۔’

 

آپ ہمیں اپنی ہر طرح کی خبریں،مضامین،مراسلات اور ادبی تحریریں ارسال کریں۔۔۔ہم انھیں آپ کے نام کے ساتھ www.aakashtimes.com پرشائع کریں گے۔۔۔۔۔۔ادارہ

رابطہ:aakashtimes0@gmail.com