شبیر شاہ کیخلاف فرد جرم بے بنیاد

سرینگر// فریڈم پارٹی نے زور دار الفاظ میں اپنے محبوس لیڈر شیر احمد شاہ کیخلاف عائد الزامات کو رد کر دیا۔پارٹی نے اپنے ایک بیان میں شبیر احمد شاہ کیخلاف پیش کئے گئے چارج شیٹ کو ٹریش قرار دیتے ہوئے کہا کہ شبیر شاہ کو سرنڈر کرانے کا یہ حربہ بھی ناکام ہوجائے گا۔پارٹی بیان میں کہا گیا ہے کہ شبیر احمد شاہ کو محض سیاسی انتقام گیری کی بنیاد پر نشانہ بنایا جارہا ہے جس کا مقصد اُنہیں اپنا سیاسی مو¿قف تبدیل کرنے پر مجبور کرنا ہے۔یہی وجہ ہے کہ کبھی اُن کیخلاف میڈیا ٹرائیل چلایا جارہا ہے اور کبھی اُنہیں چارج شیٹ کے ذریعے ڈرانے اور خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور کبھی اُن کیخلاف پرانے حل شدہ کیسوں کا سہارا لیا جارہا ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ حکومت ہند نے شبیر احمد شاہ صاحب کیخلاف کردار کشی کی ایک زور دار مہم شروع کر رکھی ہے حالانکہ اُن کی صحت انتہائی تشویشناک حد تک خراب ہے اور اُنہیں فوری طور پر بہتر اور معقول طبی امداد کی اشدضرورت ہے۔