نعیم اختر کی مرکزی وزیر

نئی دہلی //وزیر برائے تعمیرات عامہ نعیم اختر نے سڑک، ٹرانسپورٹ، شاہراہوں، شِپنگ اور آبی وسائل کے مرکزی وزیر نتن گڈکری سے ملاقات کی اور جموں وکشمیر کے لئے مجوزہ ترقیاتی پروجیکٹوں پر غور وخوض کیا۔ایک گھنٹہ طویل ملاقات کے دوران نعیم اختر نے مرکزی وزیر کو ریاست بھر میں موجودہ حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے مختلف ترقیاتی پروگراموں کے بارے میں جانکاری دی۔انہوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کے کام کاج و سرگرمیوں کے بارے میں ایک مفصل پریذنٹیشن بھی پیش کی۔ انہوں نے مرکزی وزیر سے مختلف ترقیاتی پروگراموں جن میں نئی سڑکوں کی تعمیر ، موجودہ سڑکوں کی توسیع اور دیگر ترقیاتی کاموں کو منظوری فراہم کرنے کے لئے بھی تعاون طلب کیا۔میٹنگ میں وزیر مملکت برائے تعمیرات عامہ اور ٹرانسپورٹ سنیل کمار شرما، مرکزی محکمہ این ایچ اے آئی اور ریاستی حکومت کے افسران بھی موجود تھے۔دریں اثنا مرکزی وزیر نے جموں وکشمیر میں بڑی سڑکوں کی توسیع کے لئے1200 کروڑ روپے کی رقم منظور کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پروجیکٹوں کی تکمیل کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔گڈکری نے ریاست کے لئے سکل ڈیولپمنٹ پروگرام کا بھی اعلان کیا جو ٹنلوں کی تعمیر کے لئے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرنے کو کہا ہے۔