کولکاتا:رشڑاکے155 طلبہ میں درسی کتابوں کی تقسیم

ہگلی،11۔ فروری:معاشرہ سے جہالت اور ناخواندگی کے خاتمہ کیلئے انقلابی اقدامات کرنے والے کولکاتا مسکان فاﺅنڈیشن کی جانب سے رشڑا میں درجہ نہم اور دہم کے 155طلبا و طالبات کے درمیان درسی کتابوں کی تقسیم کی گئی ۔ گزشتہ تین برسوں سے ہگلی ضلع کے رشڑا اور اطراف کے طلبا و طالبات کے درمیان نصابی کتابوں کی تقسیم کا یہ عظیم الشان کازبزم شہر نشاط کے سربراہ او ر محسن ملت بلال حسن کے تعاون سے انجام دیاجاتا ہے ۔
نماز مغرب کے بعد قرآنی آیات اور مناجات کے جلو میں شروع ہونے والی اس تقریب فروغ علم کی صدارت بلال حسن نے کی۔ انہوں نے اپنی تقریر میں اس عزم کا اظہار کیا کہ ملت سے جہالت اور ناخواندگی ختم کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے ۔ ان کاعزم ہے کہ ان کی جانکاری میں کوئی بھی طالب علم مالیات یا دوسرے وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیم ادھورا نہ چھوڑ پائے ۔ہر طالب علم کو اس کی منزل تک پہنچنے میں بلال حسن بھر پور تعاون کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ کولکاتا مسکان فاﺅنڈیشن کے زیرا ہتمام وہ اگلے تعلیمی سال سے طلبا کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے کوچنگ سینٹر شروع کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی مقدور بھر کوشش کریں گے کہ معاشرہ سے جہالت کا خاتمہ ہو۔
تقریب کے آغاز میں فاﺅنڈیشن کی تعلیمی کمیٹی کے چیئرمین فیروزانجم نے مسکان کے تعلیمی کاز کی پیش رفت سے شرکا کوآگاہ کرایا اور مستقبل کے منصوبے گوش گزار کئے ۔ بعدازاں ادارہ کے سکریٹری شہزادہ شاہد اقبال نے کولکاتا مسکان فاﺅنڈیشن کے اغراض و مقاصد پر بالتفصیل روشنی ڈالی ۔ اس دوران محمد فاروق نے ادارہ کی جانب سے بلال حسن کی خدمت میں سپاس نامہ پیش کیا جسے شہزاد ہ شاہد اقبال نے پڑھ کر سنایا ۔سپاس نامہ میں بلال حسن کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے اقبال کی زبان میں ’ ملت کے مقدرکا ستارہ ‘ قرار دیاگیا ۔
تقریب کی نقابت افروزثاقب نے کی جب کہ مہمان شرکا میں مولانا منیر فاﺅنڈیشن کے سربراہ محمد عبداللہ‘ ڈاکٹر عقیل احمد عقیل‘ سوتنتر ہندی ودیالیہ کے ہیڈماسٹر آر پی سنگھ‘ ماسٹر لیاقت حسین ‘ جنک دیو سنگھ نے اپنی اپنی تقریروں میں طلباو طالبات کو بہتر زندگی اور کیریئر کیلئے بہتر علم کا حصول اور خود کو اس کیلئے وقف کردینے کی ضرورت پر زور دیا ۔
دیگر شرکا میں ماسٹر عظیم زاہدی،ماسٹر اسرار افضل،بدیع الزماں،محمد مکارم،نسےم رضا،بالیشور بھگت ، محمد اختر، محمد یاسین اور سیاسی و سماجی شخصیتیں بھی موجود تھیں۔اس تقریب کو کو کامیاب بنانے والوں میں ماسٹر احسان احمد، شیریں ظفر،ڈاکٹر نذیر حیدر، ماسٹر محمد صادق، سرفراز احسن، نائلہ انجم، پرویز انجم، انور علی منا، محمد شوکت اورمحمدذاکرحسین و دیگر پیش پیش تھے۔

 

آپ ہمیں اپنی ہر طرح کی خبریں،مضامین،مراسلات اور ادبی تحریریں ارسال کریں۔۔۔ہم انھیں آپ کے نام اور فوٹو کے ساتھ www.aakashtimes.com پرشائع کریں گے۔۔۔۔۔۔ادارہ

رابطہ:aakashtimes0@gmail.com