بمل گرونگ پر لٹکی گرفتاری کی تلوار

کلکتہ،16مارچ،ہ س:سپریم کورٹ نے دارجلنگ کے گورکھا جن مکتی مورچہ کے لیڈر بمل گرونگ کی گرفتاری پر روک لگانے کی عرضی خارج کر دی ہے ۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ ہم مداخلت نہیں کر سکتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے ریاستی سرکار کے ذریعہ درج کیسوں کو مغربی بنگال کے باہر ٹرانسفر کرنے کی عرضی بھی خارج کر دی ۔ سپریم کورٹ کے ذریعہ گرفتاری پر لگی روک ہٹانے کے بعد بمل گرونگ کو کبھی بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے ۔
سماعت کے دوران بمل گرونگ نے کہا تھا کہ مغربی بنگال سرکار نے اس کے الگ گورکھا لینڈ تحریک کو ختم کرانے کے لئے اس کے اراکین پر چھوٹے مقدمے درج کروائے ہیں ۔ سماعت کے دوران بمل گرونگ کےوکیل پی ایس پٹوالیا نے کہا تھا کہ ریاستی سرکار جانب دارانہ طریقے سے گورکھا جن مکتی مورچہ کے اراکین کو پھنسا رہی ہے ۔ دارجلنگ میں خوف کاماحول ہے ۔ پٹوالیا نے گورکھا جن مکتی مورچہ کے اراکین کے خلاف درج معاملوں کی آزادانہ ایجنسی سے جانچ کی مانگ کی تھی ۔ ان کی پارٹی کے کئی کارکنان کو فرضی انکاؤنٹر میں قتل کر دیا گیا ۔ مغربی بنگال کی پولس نے ان کی پارٹی کے ایک کارکن کی سکم میں قتل کیا۔انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار کی جانچ جانبدارانہ نہیں ہے ۔ ان کی اس دلیل کا مغربی بنگال کی سرکار کے وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے مخالفت کی تھی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ بمل گرونگ کے وکیل جو بھی کر رہے ہیں وہ خطرناک ہے ۔ وہاں نظم و نسق کی سنگین حالت پیدا ہو گئی ہے ۔ بمل گرونگ جانچ میں کوئی مدد نہیں کررہے ہیں ۔ گرونگ کے خلاف 23مجرمانہ معاملے درج ہیں ۔ گرونگ کی قیادت میں چل رہی تحریک میں ایک 26سالہ پولس افسر کا قتل کر دیا گیا ۔ سنگھوی نے سپریم کورٹ کے ذریعہ گرونگ کی گرفتاری پر روک لگانے کے فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیاتھا۔ 24نومبر 2017کو سماعت کے دوران مغربی بنگال سرکار نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم سے اس کے ہاتھ بندھ گئے ہیں ۔ ریاستی سرکار نے کہا کہ دارجلنگ میں مظاہروں کے دوران گرونگ کے خلاف 77مجرما نہ معاملے درج ہیں ۔ سماعت کے دوران گرونگ نے مغربی بنگال سرکار پر دوہرا رویہ اپنانے کا الزام لگایا تھا ۔ انہوں نے کہا تھا کہ جب وہ سہ فریقی گفتگو میں شامل تھے تو انہیں کابینہ سطح کا درجہ دیا گیا تھا اب بھگوڑا کی طرح برتاؤ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ ان کے خلاف درج ایف آئی آر مغربی بنگال سرکار کی سیاسی تبدیلی کی کارروائی کا نتیجہ ہے ۔20نومبر 2017کو سپریم کورٹ نے بمل گرونگ کی گرفتاری پر عبوری روک لگائی تھی ۔ گرونگ کے خلاف قتل،تشدد،آتشزدگی سمیت مختلف معاملوںمیں انسداد غیر قانونی سر گرمی ایکٹ(یو اے پی اے) کے تحت معاملے درج کئے گئے ہیں۔

 

آپ ہمیں اپنی ہر طرح کی خبریں،مضامین،مراسلات اور ادبی تحریریں ارسال کریں۔۔۔ہم انھیں آپ کے نام اور فوٹو کے ساتھ www.aakashtimes.com پرشائع کریں گے۔۔۔۔۔۔ادارہ

رابطہ:aakashtimes0@gmail.com