ایئر سیل میکسس معاملہ: پی چدمبرم کی گرفتاری پر 10جولائی تک روک

نئی دہلی، 05۔ جون، ہ س:دہلی کی پٹیالہ ہاﺅس کورٹ نے ایئر سیل میکسس سودے بازی معاملہ میں سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کی گرفتاری پر 10جولائی تک روک لگا دی ہے۔ جج او پی سینی نے چدمبرم کی گرفتاری پر عبوری پابندی عائد کی ہے۔ اس معاملہ میں چدمبرم نے پیشگی ضمانت عرضی دائر کی ہے۔
گذشتہ 30مئی کو ان کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے پٹیالہ ہاﺅس کورٹ نے چدمبرم کی ممکنہ گرفتاری پر آج تک کے لئے روک لگا دی تھی۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور سی بی آئی پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم کے خلاف پہلے ہی ایئر سیل میکسس سودے بازی معاملہ میں عرضی دائر کر چکے ہیں۔ کارتی چدمبرم پر گلوبل کمیونیکیشن ہولڈنگس لمیٹیڈ کے ذریعہ ایئر سیل میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے فارین انویسٹمنٹ پرموشن بورڈ(ایف آئی پی بی)سے کلیئر نس کے لئے رشوت لینے کا الزام ہے۔ گذشتہ 31مئی کو دہلی ہائی کورٹ نے آئی این ایکس میڈیا ڈیل معاملہ میں سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کو راحت دیتے ہوئے ان کی گرفتاری پر 3جولائی تک روک لگائی تھی۔
ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران سی بی آئی کی جانب سے اے ایس جی تشار مہتا نے چدمبرم کی پیشگی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ نے بغیر ٹرائل کورٹ گئے ہی کیسے براہ راست ہائی کورٹ پہنچ گئے۔ سی بی آئی نے تعزیرات ہند کی دفعہ 41اے کے تحت پوچھ گچھ کےلئے چدمبرم کو سمن بھیجا ۔ اس کے بعد عدالت نے چدمبرم کو جانچ میں تعاون کرنے کی اپیل کی تھی۔

 

آپ ہمیں اپنی ہر طرح کی خبریں،مضامین،مراسلات اور ادبی تحریریں ارسال کریں۔۔۔ہم انھیں آپ کے نام اور فوٹو کے ساتھ www.aakashtimes.com پرشائع کریں گے۔۔۔۔۔۔ادارہ